.

دبئی میں سوموار سے مکینوں کی واپسی ، سیاحوں کا 7 جولائی سے خیرمقدم کیا جائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی اپنے ہوائی اڈوں پر سمندر پار سے آنے والے سیاحوں کا سات جولائی سے خیرمقدم کرے گا اور کارآمد اقامتی ویزے کے حامل غیرملکی شہری سوموار 22 جون سے امارت میں واپس آسکتے ہیں۔

دبئی نے اپنے شہریوں اور مکینوں کو بھی 23 جون منگل سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے لیکن اس کی شرط یہ عاید کی ہے کہ میزبان ملک انھیں قبول کرنے پر آمادہ ہوں۔ نیز وہ ممالک کرونا وائرس کے حوالے سے کم خطرے کے حامل ہوں۔

دبئی میڈیا دفتر کے مطابق ’’دبئی اسپریم کمیٹی برائے کرائسس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ نے سمندر پار سے تعلق رکھنے والے سیاحوں اور زائرین کے 7 جولائی سے خیر مقدم کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نئے فیصلے دبئی کے ہوائی اڈوں سے سفر کرنے اور یہاں اترنے والے تمام مسافروں کی صحت کے تحفظ اور بھلائی کے لیے حفاظتی احتیاطی اقدامات اور پروٹوکولز کے مطابق کیے گئے ہیں۔‘‘

کمیٹی کا کہنا ہے کہ سمندرپار سے مکینوں کی واپسی کا خیرمقدم اور سیاحوں کو ملک میں داخلے کی اجازت اس پیش رفت کی آئینہ دار ہے جو دبئی نے کووِڈ-19 کی وَبا پر قابو پانے کے لیے کی ہے۔

دبئی نے مئی کے آخر سے کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ پابندیوں میں بتدریج نرمی کرنا شروع کردی تھی۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے کرفیو کے دورانیے میں کمی کردی تھی اور بعض کاروباروں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

اب امارت دبئی نے تمام شاپنگ مالوں اور نجی شعبے کے کاروباروں کو اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کھولنے اور کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔پانی سے متعلق کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کردی گئی ہیں اور سرکاری شعبے کے تمام ملازمین کو دفاتر میں آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

دبئی حکومت نے 18 جون کو امارت میں مختلف سرگرمیوں اور خدمات کی بحالی کی اجازت دے دی تھی۔ان میں سرکاری لائبریریوں ، نجی عجائب گھروں اور آرٹ گیلریوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

ان کے علاوہ حکومت نے گھریلو خدمات ،جیسے ضعیف العمر افراد کو گھروں میں صحت کی خدمات کی فراہمی ،گھروں میں بیوٹی سیلون کی خدمات ،گھر سے باہر سیاحت اور جسمانی فٹنس کی سرگرمیوں ،3 ڈی اور 4 ڈی سینیما ہال کھولنے اور بچوں کی پارکوں اور بیچز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت دے دی تھی۔