.

سعودی عرب : کووِڈ-19 کے 3379 نئے کیسوں کی تشخیص، یومیہ تعداد میں کمی کا رجحان جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور 3379 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اب مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی کل تعداد 157612 ہوگئی ہے جبکہ حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ بہت سے پابندیاں ختم کردی ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق کووِڈ-19 کا شکار 37 مریض وفات پاگئے ہیں۔اب تک مملکت میں اس مہلک وائرس سے 1267 مریضوں کی وفات ہوئی ہے۔

سعودی عرب میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے تن درست ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اتوار کو مزید 2213 مریض تن درست ہو گئے ہیں۔اس طرح اب شفایاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 101130 ہوگئی ہے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک مرتبہ پھر لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ کورنا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کریں،اجتماعات میں جانے سے گریز کریں، چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں اور باہمی میل جول میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں جون کے اوائل تک کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہورہی تھی لیکن پھر اچانک میں اس میں اضافہ شروع ہوگیا۔اس کی بنیادی وجہ یہ بنی تھی کہ لوگوں نے احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنا شروع کردیا تھا اور وہ حفاظتی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے تھے۔

سعودی وزارت داخلہ نے مملکت بھر میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بیشتر پابندیوں کو آج سے ختم کردیا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر کی پاسداری کرتے ہوئے تمام اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ تاہم بین الاقوامی سفر پر پابندیاں تاحکم ثانی برقرار رہیں گی اور برّی اور بحری سرحدیں بھی بند رہیں گی۔