امارات ائیرلائنز نے ایک طیارے کے مسافروں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان سے پروازیں معطل کردی ہیں۔امارات کی پاکستان سے روانہ ہونے والی ایک مسافر پرواز میں سوار افراد کے ہانگ کانگ میں ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
دبئی کی قومی فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ بدھ 24 جون سے عارضی طور پر پاکستان سے پروازیں معطل کی گئی ہیں۔
کمپنی کی خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم مختلف حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور ہم پاکستان سے خدمات کی بحالی سے قبل تمام فریقوں کو مطمئن کرنے کے لیے اضافی اقدامات کی ضرورت پیش آئی تو ہم ایسا کریں گے۔‘‘
ترجمان نے وضاحت کی ہے امارات کی پاکستان کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسوں کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 190900 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور اس کا شکار 3806 افراد وفات پا چکے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کی تجویز مسترد کردی ہے۔
جنوبی کوریا کی حکومت نے اسی ہفتے پاکستان اور بنگلہ دیش میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔
اس نے دونوں ملکوں کے لیے پروازیں بھی عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔البتہ سفارت کاروں اور فوری کاروباری مقاصد کے لیے آنے والے افراد کو جنوبی کوریا میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے دس کھلاڑیوں کے کووِڈ-19 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وہ برطانیہ میں کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے روانہ ہونے والے ہیں اور اس سے قبل ان کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔