.

سعودی عرب :کرونا وائرس کے 3372 نئے کیسوں کی تصدیق،5085 مریض صحت یاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3372 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 5085 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ 333 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے لیکن شہر میں گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں کووِڈ-19 کے کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں ایک دن میں 2400 تک بھی کیس ریکارڈ کیے گئے تھے۔

وزارت صحت نے مملکت میں اب تک کرونا وائرس کے 170639 کیسوں کی اطلاع دی ہے جبکہ ان میں سے 117882 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 1428 مریض مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہوکر چل بسے ہیں۔

وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ 25 جون تک سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 51325 فعال کیس تھے۔ان میں 2206 مریضوں کی حالات تشویش ناک تھی۔

خلیجی عرب ممالک میں سعودی عرب کرونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے پہلے نمبر پرہے لیکن اس کے باوجود ہانگ کانگ میں قائم ڈیپ نالج گروپ نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کووِڈ-19 کے تحفظ جائزے میں سعودی عرب کو سترھویں نمبر پر شمار کیا ہے اور اس کو کیٹگری 1 میں شامل کیا ہے۔اس زمرے میں علاقائی تحفظ اور اقدامات کی بنا پر دنیا کے 20ممالک شامل ہیں۔

سعودی حکام نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ بہت سے پابندیاں ختم کردی ہیں لیکن ابھی تک مملکت میں بین الاقوامی پروازوں کی اجازت نہیں دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لینے والی خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اس ضمن میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں سعودی حکومت نے 31 مئی سے اندرون ملک پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی لیکن صرف سعودی فضائی کمپنیوں کو مملکت کے بڑے شہروں کے درمیان پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔