.

یواے ای : لاک ڈاؤن کا خاتمہ ، کووِڈ-19 کے 430 نئے کیسوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں جمعرات کو حکام نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 430 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ 760 مزید مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

اماراتی حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 49000 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اب یو اے ای میں کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 46563 ہوگئی ہے۔

دریں اثناء کووِڈ-19 کا پہلے سے شکار ایک مریض وفات پاگیا ہے اور 25 جون تک امارات میں کرونا کے 308 مریض پا چکے ہیں۔امارات کی وزارت صحت کے مطابق اب کرونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 35165 ہوگئی ہے۔

بندشوں میں نرمی،سفری پابندیوں کا خاتمہ

امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر بہت سی پابندیوں کا بتدریج خاتمہ کردیا ہے اور شہریوں اور مکینوں کو آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت دے دی ہے۔

یو اے ای نے بدھ کو قومی تطہیر پروگرام کی تکمیل کا اعلان کیا تھا۔یہ پروگرام 26 مارچ کو شروع کیا گیا تھا اور اس دوران میں 24 گھنٹے تک بھی کرفیو نافذ رہا ہے۔ملک گیر اس مہم کا مقصد کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے۔

امارات کی حکومت نے حال ہی میں شہریوں اور مکینوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ میزبان ممالک کرونا کے حوالے سے کم خطرے کے حامل ہوں اور وہ انھیں قبول کرنے کو تیار ہوں۔امارت دبئی نے اپنے ہوائی اڈوں پر سمندر پار سے آنے والے سیاحوں کا سات جولائی سے خیرمقدم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یو اے ای کو حال ہی میں کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے حوالے دنیا کے بیس محفوظ ترین ممالک میں شمار کیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ میں قائم ڈیپ نالج گروپ نے اپنے کووِڈ-19 کے تحفظ جائزے میں یو اے ای کو گیارھویں نمبر پر شمار کیا ہے۔

یو اے ای کووِڈ-19 کے کیسوں کی مانیٹرنگ اورسراغ لگانے کے اشاریے میں سنگاپور اور اسرائیل کے بعد تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ہنگامی تیاریوں میں وہ چین کے بعد دوسرے نمبر پر رہا ہے۔یو اے ای نے اب تک کرونا وائرس کے تیس لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے ہیں اور یہ فی کس سکریننگ کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔

یو اے ای کے دارالحکومت ابو ظبی میں حکام نے ’ٹریس کووِڈ‘ کے نام سے ایک موبائل ایپ بھی تیار کی ہے اور اس کے ذریعے کرونا کی علامات کے حامل افراد کا سراغ لگایا جاسکتا ہے۔