ایران کی بیرون ملک فوجی کارروائیوں کی ذمے دار ایلیٹ القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے گذشتہ چند روز کے دوران میں شام کے مشرقی علاقے کا دورہ کیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق انھوں نے وہاں گفتگو کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل پر داعش کی مدد وحمایت کی سازش میں ملوّث ہونے کا الزام عاید کیا ہے۔
اسماعیل قاآنی نے شام کے سرحدی قصبے البوکمال میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ اس گروپ(داعش) کی موجودگی کو امریکا اور صہیونی نظام (اسرائیل) منظم کررہا ہے۔ہم اس گروپ کی موجودگی کے پیش نظر یہ کہہ سکتے ہیں کہ ان دونوں مجرم نظاموں کی سازشیں ختم نہیں ہوئی ہیں۔‘‘