سعودی عرب:کووِڈ-19 کا شکارمزید 56 افراد کی وفات،4128 نئے کیسوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے4128 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جبکہ اس سے لاحق ہونے والے مرض کووِڈ-19 میں مبتلا 56 افراد وفات پا گئے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 205929 ہوگئی ہے۔ ان میں 1858 مریض وفات پاچکے ہیں۔

Advertisement

آج بھی دارالحکومت الریاض میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان کی تعداد 360 ہے۔اس کے بعد الدمام میں 315، الہفوف میں 217 اور القطیف میں 214 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ باقی کیس مملکت کے دوسرے صوبوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے مزید 2642 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے۔ سعودی عرب میں اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 143256 ہوگئی ہے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے گذشتہ جمعرات کو شہریوں اورمکینوں پر زوردیا تھا کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں، باہم میل ملاقات میں سماجی فاصلہ اختیار کریں اور ہر وقت ماسک پہن کر رکھیں تاکہ وہ خود بھی اس مہلک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

انھوں نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ ’’ اگر لوگ کوئی اجتماع منعقد کرنا چاہتے ہیں اور یہ کاروباری مقاصد کے لیے کوئی کانفرنس ہے یا ذاتی نوعیت کا کوئی اکٹھ ہے( شادی کی تقریب یا کسی متوفیٰ کی نماز جنازہ ہے اور تعزیت کے اجتماعات ہیں) ان سب مواقع پر تمام افراد کو ہر وقت حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنی چاہیے۔‘‘

انھوں نے مزید وضاحت کی ہے کہ ایک اجتماع یا اکٹھ میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد کو شرکت کی اجازت ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں