.

سعودی شاہ سلمان کا تارکینِ وطن کے لیے بڑا ریلیف ،ویزوں اوراقاموں میں تین ماہ کی توسیع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک فرمان کے ذریعے مملکت میں روزگار کے سلسلے میں مقیم یا وزٹ پر آنے والے تمام تارکینِ وطن کے اقاموں اور ویزوں میں تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

شاہی فرمان کے مطابق غیرملکیوں کے اقاموں کی اگلے تین ماہ کے لیے بغیر فیس کے آن لائن تجدید کی جائے گی۔

سعودی پریس ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق بیرون ملک جانے والے ان تمام تارکین وطن کے خروج اور دوبارہ داخلے کے ویزوں میں بھی تین ماہ کے لیے مفت توسیع ہوگی جو پروازوں کی معطلی کی وجہ سے سعودی عرب میں واپس نہیں آ سکے ہیں۔

ان کے علاوہ اس وقت سعودی عرب میں موجود ان تمام تارکینِ وطن کے اقاموں اور وزٹ پر آنے والے غیرملکیوں کے ویزوں میں بھی تین ماہ کی مفت توسیع کر دی گئی ہے جن کے اقاموں اور ویزوں کی پروازوں کی معطلی کے عرصے میں میعاد ختم ہوگئی تھی۔

فضائی سفر کی معطلی کے عرصے میں جن تارکینِ وطن کے غیراستعمال شدہ خروج اور واپسی کے ویزوں کی میعاد ختم ہوگئی ہے،ان کی کارآمد مدت میں بھی مزید تین ماہ تک کسی فیس کے بغیر توسیع کردی گئی ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ شاہی فرمان میں مذکورہ بالا استثنائی صورتوں پر حسبِ ضرورت نئے حالات کے مطابق نظرثانی کی جاسکتی ہے۔

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے اثرات کو کم کرنے کے لیے گذشتہ جمعرات کو نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی امداد کے حوالے سے متعدد فیصلوں کا اعلان کیا تھا اور نجی شعبے کے لیے پہلے سے جاری امدادی پروگراموں میں توسیع کا حکم دیا تھا۔