کرونا وائرس : ولی عہد دبئی کا کاروباروں کی بحالی کے لیے 40 کروڑ80 لاکھ ڈالر کا امدادی پیکج
نجی اسکولوں کو دسمبر کے آخر تک تجارتی اور تعلیمی لائسنس کی تجدید کے لیے فیس میں استثنا دینے کا فیصلہ
امارت دبئی نے کرونا وائرس کے منفی معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد دینے اور کاروباروں کی بحالی کے لیے ڈیڑھ ارب درہم (40 کروڑ 80لاکھ ڈالر) کے نئے مالیاتی پیکج کی منظوری دی ہے۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ہفتے کے روز اس پیکج کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’یہ کووِڈ-19 کی وَبا کے ردعمل میں تیسرا پیکج ہے۔اس کو ملا کر مجموعی طور پر چھے ارب 30 کروڑ درہم صرف کیے جائیں گے۔‘‘
شیخ حمدان نے اس مالیاتی پیکج سے مستفید ہونے والوں کی فہرست بھی جاری کی ہے،ان میں تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں۔
وہ لکھتے ہیں کہ ’’ہم نے جرمانوں کی تنسیخ کا فیصلہ کیا ہے اور نجی اسکولوں کو آیندہ دسمبر کے آخر تک تجارتی اور تعلیمی لائسنسوں کے اجراء اور تجدید کے لیے فیس میں استثنا دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ہے کہ’’ہمیں اپنی معیشت کی لچک داری اور پائیداری پر اعتماد ہے۔ہم اس مرحلے سے تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم کاروباروں کو جلد سے جلد معمول پر لانے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ہم تمام اقتصادی شعبوں کی معاونت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘
#Dubai SME provided AED170 million worth of incentives, services to 3,871 entrepreneurs in 2019#WamNews https://t.co/TJPLOIL0N6 pic.twitter.com/hF2RPmI4Zo
— WAM English (@WAMNEWS_ENG) July 11, 2020