سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے اتوار کو کرونا وائرس کے 2779 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ مزید 1742 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور پہلے سے کووِڈ-19 کا شکار مزید 42 مریض وفات پا گئے ہیں۔
سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کل کیسوں کی تعداد 232259 ہوگئی ہے۔ ان میں 2223 افراد وفات پاچکے ہیں اور 167138 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آج بھی دارالحکومت الریاض میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ 247 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد جدہ میں 191، الہفوف میں 162 اور الدمام میں 157 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور قصبوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس وقت مملکت میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 62898 ہے۔ ان میں 2245 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ تشویش ناک کیسوں میں سے نصف انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں زیرِعلاج ہیں اور ان کی عمریں 60 سال سے زیادہ ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ آئی سی یو میں رکھے گئے مریضوں میں ایک تہائی کی عمریں 40 اور 60 سال کے درمیان ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جب تک لوگ حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرتے رہیں گے،اس وقت ان کے لیے کوئی بھی اجتماع محفوظ ہے۔اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے سے گریز کریں،ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور کسی ایک جگہ زیادہ سے زیادہ 50 افراد اکٹھے ہوں۔اس سے زیادہ افراد کے اجتماعات کی ممانعت ہے۔
ترجمان نے ایک مرتبہ پھر لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ معمول کے حالات کی بحالی کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں،باہم میل ملاقات میں سماجی فاصلہ اختیار کریں اور ہر وقت ماسک پہن کر رکھیں تاکہ وہ خود بھی اس مہلک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (2779) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (42) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (1742) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (167,138) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/ilgLmaxTp1
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) July 12, 2020