.

سعودی عرب:کووِڈ-19 کے نئے تصدیقی اور تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں کمی کا رجحان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں حالیہ ایام میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ اور تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے اور نئے کیسوں کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے منگل کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں کووِڈ-19 کے تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں ڈیڑھ فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ’’ ہم نے گذشتہ سات روز کے دوران میں تصدیق شدہ مریضوں اور تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں کنٹرول اور استحکام ملاحظہ کیا ہے۔‘‘

انھوں نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں کی تشخیص کا سلسلہ جاری ہے اور وزارت صحت نے کل کیسوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی ہے۔

ڈاکٹر محمد العبد العالی نے خبردار کیا ہے کہ ’’سعودی عرب میں معمولی بہتری کے باوجود دنیا میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔اس لیے لوگوں کو محتاط انداز میں معمول کے حالات کی جانب لوٹنا چاہیے۔‘‘

وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 2692 نئے کیسوں کی تشخیص کی ہے جبکہ ماضی میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے مزید 7718 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ کووِڈ-19 کے 40 مریض وفات پاگئے ہیں۔اب سعودی عرب میں اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 2283 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب میں اس وقت کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 237803 ہے۔ان میں 177560 صحت یاب ہوچکے ہیں۔اس طرح مملکت میں کرونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 75 فی صد ہے۔