.

سعودی عرب:کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں میں کمی، 2671 نئے مریضوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں کی یومیہ تعداد میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 2671 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق حالیہ ہفتوں کے رجحان کے عین مطابق بدھ کو جدہ میں سب سے زیادہ 250 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔دارالحکومت الریاض میں 250 اور الہفوف میں 211 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 40 افراد وفات پاگئے ہیں اور اب کرونا وائرس سے وفات پانے والے مریضوں کی کل تعداد 2325 ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق آج کرونا وائرس کے مزید قریباً55 سو مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 183048 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت نے کہا ہے کہ کووِڈ-19 کے 132 مریضوں کا تن درست ہونے والے مریضوں کے عطیہ کردہ پلازما سے کامیابی سے علاج کیا ہے۔ اس تحقیقی عمل میں سعودی ماہرین اور محققین نے حصہ لیا ہے۔وزارتِ صحت کے مطابق تن درست ہونے والے 634 مریضوں نے پلازما عطیہ کیا ہے۔

سعودی عرب میں حالیہ ایام میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ اور تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے اور نئے کیسوں کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے منگل کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں کووِڈ-19 کے تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں ڈیڑھ فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ’’ ہم نے گذشتہ سات روز کے دوران میں تصدیق شدہ مریضوں اور تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں کنٹرول اور استحکام ملاحظہ کیا ہے۔‘‘انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے نئے کیسوں کی تشخیص کا سلسلہ جاری ہے اور وزارت صحت نے کل کیسوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی ہے۔

ڈاکٹر محمد العبد العالی نے خبردار کیا ہے کہ ’’سعودی عرب میں معمولی بہتری کے باوجود دنیا میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔اس لیے لوگوں کو محتاط انداز میں معمول کے حالات کی جانب لوٹنا چاہیے۔‘‘