.

کرونا وائرس : امریکا میں ایک دن میں متاثرین کی تعداد کا نیا ریکارڈ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا میں ایک دن میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسوں کے اندراج کا نیا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ جونز ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جمعے کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں اس وبائی مرض کے مزید 68428 متاثرین کا انکشاف ہوا ہے۔ اس دوران 974 مریض وفات پا گئے۔ اس طرح ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 3560364 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 138201 مریض موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

امریکا کی 50 میں سے 30 ریاستوں میں رواں ماہ ایک دن کے اندر متاثرین کی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہے۔ متعدی امراض کے حوالے سے ایک سینئر سرکاری ماہر ڈاکٹر انتھونی واؤچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکیوں نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مطلوب اقدامات پر پوری طرح عمل درامد نہ کیا تو اس وبائی مرض میں مبتلا ہونے والے افراد کی یومیہ تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

دوسری جانب چین میں وزارت صحت کے حکام کے مطابق 16 جولائی بروز جمعرات ملک میں کرونا وائرس کے 10 نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ ان میں سے 9 افراد بیرون ملک سے آنے والے ہیں۔ اس طرح اب تک چین میں کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 83622 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 4634 مریض دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔

میکسیکو میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے 6406 نئے کیسوں اور 668 مزید اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح ملک میں اس وبائی مرض سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 324041 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 37574 مریض اب تک فوت ہو چکے ہیں۔ حکومت کے مطابق ملک میں کرونا کے متاثرین کی تعداد ،،، غالبا درج شدہ مصدقہ کیسوں سے کہیں زیادہ ہے۔