یو اے ای:20 جولائی سے تجارتی مراکز اور ٹاوروں میں نماز کی جگہیں دوبارہ کھولنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کیا ہے اور سوموار 20 جولائی سے خریداری مراکز اور بڑے ٹاوروں میں نماز کے لیے مختص کمروں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ خریداری مراکز اور ٹاوروں میں نماز کے لیے مختص کمروں میں ان کی گنجائش کے مطابق صرف 30 فی صد افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔وہاں نمازوں کے دوران میں کووِڈ-19 سے بچنے کے لیے تمام پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے گذشتہ دو ایک روز میں کرونا وائرس کے46 ہزار سے زیادہ ٹیسٹوں کی اطلاع دی ہے۔ان میں صرف 289 افراد کے اس مہلک وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
یو اے ای کی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز بتایا کہ ان نئے مریضوں کی تشخیص کے بعد ملک میں کل کیسوں کی تعداد 56711 ہوگئی ہے۔ ان میں 48917 تن درست ہوچکے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 469 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کووِڈ-19 کے 85۰8 فی صد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔