سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید 4000 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور 2476 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 255825 ہوگئی ہے۔ان میں سے 207259 تن درست ہوچکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار مزید 34 مریض وفات پا گئے ہیں اور اب تک اس مہلک وائرس سے اموات کی تعداد 2557 ہوگئی ہے۔
منگل کے روز بھی ساحلی شہر جدہ میں سب سے زیادہ 284 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔دارالحکومت الریاض میں 158 ، طائف میں 143 اور مکہ مکرمہ میں 107کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ باقی کیسوں کی مملکت کے دوسرے شہروں اور صوبوں میں تصدیق کی گئی ہے۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (2476) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (34) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (4000) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (207,259) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/pr0xDpxzU1
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) July 21, 2020
سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے کرونا وائرس کے نئے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی اور اس میں استحکام کے پیش نظر اس وبا کے خطرے کی سطح کم کردی تھی۔سعودی عرب میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس طرح اس وائرس کے خطرے کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اس کی نشان دہی عالمی ماہرین پر مشتمل ٹیموں کے وضع کردہ نقشے سے ہوئی ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ اور ایڈمنڈ جے سفرا مرکز برائے اخلاقیات کی ٹیموں نے دنیامیں کرونا وائرس کے پھیلنے کے رجحانات کی نشان دہی کے لیے یہ نقشہ وضع کیا ہے۔
تحقیقی ماہرین کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق جولائی کے اوائل میں سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی سطح نارنجی تھی۔یہ دوسری اعلیٰ ترین سطح ہے۔اس کا یہ مطلب ہے کہ ملک میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔تاہم 13 جولائی کو سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی سطح زرد (ییلو) کردی گئی تھی۔یہ نارنجی سے ایک درجہ کم ہے اور دوسرا کم ترین درجہ ہے۔