سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کامیاب سرجری کے بعد پتا نکال دیا گیا ہے۔
شاہی دیوان نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین کی لیپرو اسکوپی کے ذریعے سرجری کی گئی ہے۔جراحی کے اس عمل میں بالعموم چھوٹےکیمرے استعمال کیے جاتے ہیں اور یہ عمل مریض کے لیے کوئی زیادہ تکلیف دہ نہیں ہوتا۔
ایس پی اے کے مطابق خادم الحرمین الشریفین اب صحت یابی تک الریاض میں واقع شاہ فیصل اسپیشلٹ اسپتال ہی میں رہیں گے۔
انھیں معمول کے طبی معائنے کے لیے گذشتہ سوموار کو اس اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے ان کے مکمل ٹیسٹوں کے بعد ان کے پتے کی سرجری کا فیصلہ کیا تھا۔
شاہی دیوان کے مطابق شاہ سلمان نے عرب اور مسلم دنیا کے ان تمام رہ نماؤں اور قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے ان کی فون پر خیریت دریافت کی،ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔