امریکا میں چینی قونصل خانے میں آگ سراغرسانی کی سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے لگائی گئی؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا کے محکمہ خارجہ کے ایک سابق عہدے دار نے دعویٰ کیا ہے کہ ہوسٹن میں واقع چین کے قونصل خانے میں دستاویزات کو آگ عملہ کی جاسوسی کی سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے لگائی گئی ہے۔

امریکی فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈئیر جنرل اور محکمہ خارجہ کے سابق عہدہ دار مارک کمیٹ نے العربیہ سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ’’یہ واضح ہوچکا،اہلکاروں نے جو دستاویزات جلائی ہیں، ان میں امریکا میں چین کی انٹیلی جنس سرگرمیوں کا ثبوت تھا اور ان میں امریکا میں سراغرسانی کی سرگرمیوں میں ملوّث چینی اہلکاروں کی فہرست بھی تھی۔‘‘

Advertisement

ٹرمپ انتظامیہ نے گذشتہ بدھ کو چین کو امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت ہوسٹن میں واقع اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا اور اس کے عملہ پر حقوق دانش کی چوری کی الزام عاید کیا تھا۔

مقامی میڈیا نے گذشتہ سوموار کی شب قونصل خانے کے صحن میں کاغذات کے ڈھیر کو آگ لگانے کی فوٹیج نشر کی تھی۔ مسٹر کمیٹ کا کہنا تھا کہ ’’قونصل خانے کے عملہ نے وہی کچھ کیا ہے، جو ان سے توقع کی جاسکتی تھی۔جب ان سے کہا گیا کہ قونصل خانہ بند کیا جارہا ہے تو انھوں نے انٹیلی جنس معلومات کے انبار کو اکٹھے کیا اور پھر اس کو آگ لگا دی۔‘‘

امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چئیرمین ری پبلکن سینیٹر مارکو روبیو نے گذشتہ بدھ کو فاکس نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’قونصل خانہ (چین کی) جاسوسی کی کارروائی میں مرکزی کردار ادا کررہا تھا۔‘‘

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی جاسوسوں نے ٹیکساس اے اینڈ ایم میڈیکل سسٹم اور ہوسٹن میں واقع ٹیکساس یونیورسٹی کے ایم ڈی اینڈرسن کینسر سنٹر کا ڈیٹا چُرانے کی کوشش کی تھی۔

چین نے امریکا کے ان الزامات کو توہین آمیز اور مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کردیا تھا اور اس کے ردعمل میں مغربی شہر چینگ ڈو میں واقع امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

امریکا اور چین کے درمیان قونصل خانوں کی بندش کے علاوہ تین چینی سائنس دانوں کے معاملے پر بھی نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے۔امریکا نے ان تینوں پر اپنے ویزوں میں فراڈ اور جعل سازی کا الزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی سے اپنا تعلق چھپایا ہے حالانکہ یہ تینوں فوج سے تعلق رکھتے تھے۔

مارک کمیٹ کا کہنا تھا کہ ’’چین امریکا کی لیبارٹریوں سے معلومات اور حقوق دانش چُرانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ چین دنیا کی کسی بڑی مخلوق کی مانند ہے اور وہ اپنے عوام کے لیے دنیا کے تمام وسائل کو حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔‘‘

ہوسٹن میں واقع چینی قونصل خانے کا بیرونی دروازہ ۔ فائل تصویر
ہوسٹن میں واقع چینی قونصل خانے کا بیرونی دروازہ ۔ فائل تصویر
مقبول خبریں اہم خبریں