سعودی عرب کی سیاحت اتھارٹی (ایس ٹی اے) نے اپنی ’آزاد تفریح‘ (بریک فری) مہم کے تحت بحیرۂ احمر میں پہلی مرتبہ لگژری کروز جہاز متعارف کرادیے ہیں۔ان پر سیاح ساحلی علاقوں کی سیر کرسکیں گے۔
سیاحت اتھارٹی کا یہ اقدام سعودی عرب کی بحیرۂ احمر میں سیاحت کی غیرمعمولی فرحت بخش خدمات مہیا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ایس ٹی اے نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ان خدمات کو مہیا کرنے کا مقصد بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں واقع سعودی عرب کے کثیر التعداد قدرتی اور ثقافتی خزانے کے بارے میں آگہی اور شعور اجاگر کرنا ہے۔
ان نئے متعارف کردہ پُرتعیش کروز جہازوں کے روٹس کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ان پر سفر کرنے والے مسافروں کو مختلف خدمات مہیا کی جائیں گی۔ان میں آن بورڈ سرگرمیوں کے علاوہ ، کھانے اور تفریح کی سہولتیں شامل ہیں۔
ایس ٹی اے کے مطابق ’’ بریک فری‘‘ مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔اس کے تحت مملکت بھر میں متنوع تفریحی اور سیاحتی خدمات مہیا کی جارہی ہیں اور سیاحوں کو دس مقامات بالخصوص بحیرۂ احمر کے کنارے واقع جگہوں کی سیر کرائی جارہی ہے۔
ایس ٹی اے اور وزارت صحت نے ٹور آپریٹروں کے ساتھ مل کر کرونا وائرس کی وَبا سے بچاؤ کے لیے سخت قواعد وضوابط وضع کیے ہیں تاکہ مسافروں کی صحت کا تحفظ کیا جاسکے اور انھیں ایک محفوظ، مگرخوشگوار سیاحتی تجربے کے عمل سے گزارا جا سکے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے جون میں شہریوں اور مکینوں کے لیے موسم گرما کی چھٹیوں میں ایک سیاحتی مہم کا اعلان کیا تھا۔اس کے تحت شہریوں اور مکینوں کو ملک کے مختلف تاریخی سیاحتی کی سیر کرائی جارہی ہے اور انھیں ان کے بارے میں جاننے کا آنکھوں دیکھا موقع مہیا کیا جارہا ہے۔