سعودی عرب نے منگل کے روز وسط جون کے بعد پہلی مرتبہ کووِڈ-19 کے سب سے کم یومیہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں 1897 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مزید 2688 مریض تن درست ہوگئے ہیں۔
وزارت صحت نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اب سعودی عرب میں کرونا وائرس کے تشخیص شدہ کل مریضوں کی تعداد 270831 ہوگئی ہے۔ان میں 225624 صحت یاب ہوچکے ہیں۔کووِڈ-19 میں مبتلا مزید29مریض وفات پاگئے ہیں اور اس سے وفات پانے والوں کی تعداد 2789 ہوگئی ہے۔
آج الطائف شہر میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان کی تعداد 183 ہے۔اس کے بعد الہفوف میں کووِڈ-19 کے 167 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔دارالحکومت الریاض میں 118، مکہ مکرمہ میں 117 اور خمیس مشیط میں 91 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔کرونا کے باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں 28 جولائی تک کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 42418 رہ گئی ہے۔ان میں 2103 کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (1897) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (29) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (2688) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (225,624) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/QuDzmv7nj1
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) July 28, 2020
دریں اثناء سعودی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ان کے مطابق مملکت بھر میں نمازِعید مساجد میں ادا کی جائے گی اور کھلی جگہوں ہر عید کی نماز ادا کرنے پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ کسی ایک جگہ پر 50 سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی۔سعودی وزارت صحت نے عید پر عمومی اجتماعات منعقد کرنے پر بھی خبردار کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے قبل ازیں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کو 9 اور10 ذی الحجہ کو حج کے رکن اعظم یومِ عرفہ اور عیدالاضحیٰ کے دن عام عبادت گزاروں کے لیے بند رکھنے اعلان کیا تھا۔
سعودی حکومت نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بہت سی پابندیاں ختم کردی ہیں یا ان میں نرمی کردی ہے لیکن اس نے ہنوز ملک میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔
البتہ گذشتہ روز پروازوں کی بندش سے بیرون ملک یا اپنے آبائی ممالک میں پھنس کر رہ جانے والے تارکینِ وطن کے ویزوں کی میعاد میں بغیر کسی فیس کے مزید تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔