سعودی عرب کے سینئر ترین رہبر (گائیڈ) سعید بن جمعان عید الاضحی کے روز فوت ہو گئے۔ مملکت میں سیاحت کا انسائیکلوپیڈیا شمار ہونے والے 90 سالہ چچا سعید کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے تھے۔
چچا سعید بن جمعان اپنی کنیت "ابو سند" کے نام سے مشہور تھے۔ وہ ناخواندہ ہونے کے سبب لکھنے پڑھنے سے قاصر تھے تاہم وہ 4 زبانوں میں اچھی طرح سے گفتگو کر لیتے تھے۔ ان میں انگریزی، فرانسیسی اور اطالوی زبانیں شامل ہیں۔ ابو سند نے نجران صوبے میں سیاحت کے شعبے میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے سعودی عرب کا دورہ کرنے والوں کو مملکت کی تاریخ اور یہاں آثار قدیمہ کے مقامات سے متعارف کروایا۔
العربیہ کی ٹیم نے کچھ عرصہ قبل ابو سند کی خیریت دریافت کرنے کے واسطے ان کے گھر کا دورہ کیا تھا۔ وہ پھیپھڑے کے انفیکشن کا شکار ہو گئے تھے۔ اس موقع پر ابو سند نے سیاحوں کے ساتھ اپنی یادوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے کام پر واپسی اور آثار قدیمہ کے مقامات کے درمیان آمد و رفت کے حوالے سے اپنے نے پناہ شوق کا اظہار کیا۔
ابو سند نجران صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم شخصیت تھے۔ وہ طویل تجربہ ، تاریخی ورثے کی گہری جان کاری اور کئی زبانوں میں گفتگو کی قدرت رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ سادہ طبیعت کے حامل ابو سند سیاحوں کے ساتھ بے ساختہ تعامل اختیار کر لیتے تھے۔
ابو سند کے 7 بیٹے اور 6 بیٹیاں ہیں۔ یہ تمام شادہ شدہ ہیں اور ان کے اپنے بچے بھی ہیں۔ تاہم ان میں سے کسی نے ابو سند کا پیشہ اختیار نہیں کیا۔