.

سعودی عرب:کووِڈ-19 کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 2لاکھ 40 ہزار سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1357 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 278835 ہوگئی ہے۔ان میں 240081 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سعودی وزارت صحت نے مکہ مکرمہ میں اتوار کو 153 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے لیکن ان میں کوئی حاجی یا مقدس مقامات میں سکیورٹی یا انتظامی فرائض انجام دینے والا اہلکار شامل نہیں ہے۔

سعودی دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے 94 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے اور ساحلی شہر جدہ میں 72 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار 2533 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ مزید 30 مریض وفات پا گئے ہیں۔اب مملکت میں اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 2917 ہوگئی ہے۔