.

پاکستان: کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 280278 ہوگئی ،248873 مریض تن درست

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 278 ہوگئی ہے۔ان میں سے 5 ہزار 992 وفات پا چکے ہیں اور 2 لاکھ 48 ہزار 873 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلے چھے ماہ ہوچکے ہیں اور گذشتہ پانچ ماہ کے دوران میں اس کے کیسوں میں پہلے بتدریج اضافہ ہوا اور اب کمی واقع ہورہی ہے۔اس کی ایک وجہ ٹیسٹوں کی تعداد میں کمی بتائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020ء کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں اس مہلک وائرس کے کیس بڑھنا شروع ہوگئے تھے اور اب تک صوبہ سندھ اس مہلک وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 24 نئے کیس اور 4 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اب مجموعی کیسوں کی تعداد 93 ہزار 197 ہوگئی۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مزید 63 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 2 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ صوبے میں مجموعی کیسوں کی تعداد 34 ہزار 253 ہوگئی ہے۔صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس سے مزید 31 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کل کیسوں کی تعداد11 ہزار 774 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس سے مزید 24 افراد متاثر ہوئے ہیں۔گلگت،بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 23 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور وہاں مجموعی کیسوں کی تعداد2180 ہو گئی ہے۔ پاکستان کے زیرانتظام ریاست آزاد جموں و کشمیر میں مزید 7 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کی تعداد 2 ہزار 93 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 296 مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔یوں اب تک ملک بھرمیں اس عالمی وَبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 873 ہوگئی ہے۔اس طرح اب تک 88 فی صد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔