متحدہ عرب امارات میں شامل امارت عجمان میں ایک مارکیٹ میں بدھ کی شام اچانک خوف ناک آگ بھڑک اٹھی ہے جس سے متعدد دکانیں جل گئی ہیں۔
عجمان کے محکمہ شہری دفاع کے ایک ذریعے نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بازار شعبی کے نام سے سبزی اور پھل منڈی میں آگ لگنے کے بعد شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل بلند ہونا شروع ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی خصوصی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور وہ پورے بازار کو خالی کرانے کے لیے امدادی کام کررہی ہیں۔
Watch: Footage shows the extent of an ongoing fire that broke out in a market in the #UAE emirate of #Ajman, according to a video circulating on social media.https://t.co/D7qWLu2oTQ pic.twitter.com/Heel2gQxgb
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) August 5, 2020
آگ بجھانے والا عملہ بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے اور بازار میں لگی خوف ناک آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے۔اس ذریعے نے بتایا ہے کہ چار مختلف محکموں کی ٹیموں کو بھی فائر فائٹروں کی معاونت کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
عجمان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر امدادی ٹیمیں ابتدائی دو تین گھنٹے میں آگ پر قابو پانے میں ناکام رہتی ہیں تو پھر ہمسایہ امارتوں سے بھی امدادی ٹیموں کو طلب کیا جاسکتا ہے۔
تاہم حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا ہے کہ عجمان کی اس مارکیٹ میں کیسے آگ لگی ہے اور یہ آناً فاناً کیسے پھیل گئی ہے۔دم تحریر آتش زدگی کے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔