سعودی عرب کا تیسرا طیارہ امدادی سامان کے ساتھ بیروت پہنچ گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

بیروت دھماکے کے بعد شاہ سلمان امدادی مرکز کے زیر انتظام تیسرا طیارہ انسانی امداد لے کر آج ہفتے کے روز بیروت کے رفیق حریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ طیارے کے ہمراہ شاہ سلمان مرکز کی خصوصی ٹیم بھی موجود ہے جو امدادی سامان کی تقسیم کی کارروائی کی نگرانی کرے گی۔ اس سے قبل دو سعودی طیارے جمعے کے روز 120 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر بیروت روانہ ہوئے تھے۔

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایات جاری کی تھیں کہ منگل کے روز بیروت کی بندرگاہ پر خوف ناک دھماکے کے بعد متاثرہ لبنانی عوام کے لیے فوری طور پر امداد پیش کی جائے۔ خادم حرمین کی ہدایات میں سعودی عرب اور لبنان کے درمیان امداد کی ترسیل کے لیے فضائی پل قائم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

Advertisement

اس حوالے سے شاہ سلمان امدادی مرکز کے مشیر ڈاکٹر علی بن حامد الغامدی نے واضح کیا کہ تیسرے امدادی طیارے کے سامان میں وینٹی لیٹر مشینیں، انتہائی طبی نگہداشت کے یونٹوں کے لیے خصوصی آلات، برقی انٹرا وینس پمپس، ایمجرنسی کے شعبے کے لوازمات، متعدد اینٹی بائیوٹکس، دافع درد دوائیں، جراثیم کش مواد، حفاظتی ماسک، انٹرا وینس محلول، پمپنگ ٹیوبز، متعدد طبی ساز و سامان اور لوازمات، خیمے، گدّے، کمبل، کھانا پکانے کے لوازمات اور مختلف نوعیت کے برتن شامل ہیں۔ ڈاکٹر الغامدی کے مطابق سعودی عرب اور لبنان کے درمیان فضائی پُل قائم کیے جانے کے بعد سے اب تک 200 ٹن سے زیادہ امدادی سامان بیروت پہنچایا جا چکا ہے۔

منگل 4 اگست کی سہ پہر بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے خوف ناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 154 افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں گھروں اور رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچنے کے سبب 2.5 سے 3 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں