اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدہ ’’درست سمت کی جانب‘‘بڑا قدم ہے:پومپیو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے طے شدہ معاہدہ درست سمت کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

انھوں نے یہ بات وسطی یورپ کے دورے میں اپنے ہم راہ سفر کرنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔وہ جمعرات کو سلوینیا سے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچے ہیں۔

Advertisement

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں طے شدہ معاہدے کے تحت اسرائیل اور متحدہ عرب امارات معمول کے مکمل سفارتی تعلقات قائم کریں گے اور اسرائیل اس کے بدلے میں غرب اردن میں فلسطینیوں کی مزید اراضی کو نہیں ہتھیائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے حکام کے مطابق یہ امن معاہدہ اسرائیل ، یو اے ای اور امریکا کے درمیان طویل مذاکرات کا نتیجہ ہے اور ان کے درمیان مذاکراتی عمل میں حالیہ دنوں میں تیزی آئی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امن معاہدے کا خود اعلان کیا ہے اور اس کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔انھوں نے کہاکہ ’’آج ہمارے دو عظیم دوست ممالک اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی امن معاہدہ طے پایا ہے۔‘‘صدر ٹرمپ ہی نے تینوں ملکوں کی جانب سے ٹویٹر پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

اس کے مطابق ’’اسرائیل اور یو اے ای کے وفود آیندہ ہفتوں کے دوران میں ملاقات کریں گے اور وہ سرمایہ کاری ، سیاحت ، براہ راست پروازیں شروع کرنے ، سکیورٹی ، ٹیلی مواصلات ، ٹیکنالوجی ، توانائی ، تحفظ صحت ، ثقافت ، ماحول اور ایک دوسرے کے ملک میں اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے اور بعض دوسرے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مختلف سمجھوتوں پر دست خط کریں گے۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں