.

خرطوم : سوڈانی فوج کی اسلحہ فیکٹری کے ڈپومیں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے جنوب میں واقع فوج کی ایک اسلحہ فیکٹری کے ڈپو میں جمعہ کی شب اچانک زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی اور اس کے شعلے بلند ہونا شروع ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق خرطوم کے علاقے الشجرہ میں واقع فیکٹری میں آتش زدگی کا یہ واقعہ پیش آیا ہے اور فوری طور پر اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

سوڈان کی سرکاری خبررساں ایجنسی سونا نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہاہے کہ فوج کی اسلحہ فیکٹری کے ایک چھوٹے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگی تھی اور اس پر قابو پا لیا گیا ہے۔

تاہم سوڈانی حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ اسلحہ فیکٹری میں پہلے دھماکا کیسے ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں آگ کیسے لگی ہے جبکہ شہر کے بعض مکینوں نے سوشل میڈیا پر فیکٹری میں لگی ہوئی آگ کی تصاویر پوسٹ کی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ رات گئے تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا۔

الشجرہ کے گنجان آباد علاقے میں اس فیکٹری کے ساتھ سوڈانی فوج کی دوسری متعدد تنصیبات بھی واقع ہیں۔

سوڈانی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی چھے ایمبولینس گاڑیاں فیکٹری کے کمپاؤنڈ کی جانب روانہ کردی تھیں۔اس نے بھی تصدیق کی ہے کہ فوری طور پر کسی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔