.

عرب اتحاد نے یمن میں حوثی ملیشیا کے بموں سے لدے متعدد ڈرونز تباہ کردیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب اتحاد کی فورسز نے یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے متعدد مسلح ڈرونز کو تباہ کردیا ہے۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ہفتے کی سہ پہر یمن کے اندر بموں سے لدے متعدد بغیر پائیلٹ طیارے حملوں کے لیے چھوڑے تھے مگر مشترکہ اتحادی فورسز نے ان کابروقت سراغ لگا کر انھیں یمن ہی میں تباہ کردیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا نے بموں سے لدے ان بغیر پائیلٹ طیاروں کو یمنی دارالحکومت صنعاء سے چھوڑا تھا۔انھوں نے ان کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

واضح رہے کہ حوثی ملیشیا کے جنگجو یمن سے سعودی عرب کے سرحدی علاقوں کی جانب بیلسٹک میزائل داغتے رہتے ہیں یا مسلح ڈرونز سے حملے کرتے رہتے ہیں۔ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی دفاعی فورسز ان کے ایسے سیکڑوں حملوں کو ناکام بنا چکی ہیں۔