سعودی عرب: کرونا وائرس کی وَبا،نئے تعلیمی سال میں فاصلاتی تدریس کے سات ہفتے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وبا کے تناظر میں نئے تعلیمی سال کے دوران میں پہلے سات ہفتے تک طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے بعد ان کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سعودی عرب کی وزارتِ تعلیم نے ہفتے کے روز مستقبل قریب میں اسکول کھولنے کے بارے میں یہ اعلان کیا ہے۔سعودی حکومت نے مملکت بھر میں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 9 مارچ کو تمام اسکول ، جامعات اور دوسرے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے۔ تب سے طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریسی سرگرمیاں جاری ہے۔

اپریل میں سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے کہا تھا کہ فاصلاتی تدریس بالآخر سعودی عرب کے لیے ایک تزویراتی انتخاب ہوسکتی ہے اور یہ کرونا وائرس کے بحران کا عرصہ گزرنے کے بعد صرف ایک متبادل نہیں رہے گی۔

سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے سعودی وزیر تعلیم خود ورچوئل اسکولوں اور فاصلاتی تدریس کے انتظام کی نگرانی کررہے ہیں۔

سعودی عرب میں حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز میں 1413 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اس طرح سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 297315 ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار مزید 31 مریض وفات پاگئے ہیں، جس کے بعد سعودی عرب میں کووِڈ-19 سے اموات کی تعداد 3369 ہوگئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں