اسرائیل اور عمان کے درمیان سفارتی تعلقات کے چھ اہم مواقع کب واقع ہوئے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسرائیل اور عمان کے درمیان باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں مگر اس کے باوجود دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں وزراء نے مشرق وسطیٰ میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

اسرائیل اور عمان کے درمیان یہ رابطہ اپنی نوعیت کا پہلا رابطہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے دونوں ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان اہم ملاقاتوں کا احوال کچھ یوں ہے:

1994: اسرائیلی وزیر اعظم یتسحاق رابین کا دورہ عمان

27 دسمبر 1994 کو اس وقت کے اسرائیلی وزیراعظم یتسحاق رابین نے عمان کے سلطان قابوس بن سعید کی دعوت پر دورہ کیا۔ یہ دورہ اسرائیلی سربراہ مملکت کا کسی بھی خلیجی ریاست کا پہلا دورہ تھا۔

امریکی روزنامے نیو یارک ٹائمز کے مطابق رابین کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد "امن کے عمل کو مضبوط بنانا اور اس کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔" اس موقع پر رابین کے مشیر شمعون شیفز نے کہا تھا کہ "یہ ملاقات اسرائیل کی سرحد سے دور موجود عرب ممالک کے ساتھ روابط کے آغاز کااہم موقع ہے۔"

1995عمانی وزیر خارجہ کی رابین کی آخری رسومات میں شرکت

نومبر 1995 میں یتسحاک رابین کے قتل کے بعد عمانی وزیر خارجہ یوسف بن علاوی نے بیت المقدس میں ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ اس سے قبل ماہ جون میں یوسف بن علاوی نے اس وقت کے اسرائیلی وزیر خارجہ شمعون پیریز سے امریکا میں ملاقات کی تھی۔

1996: اسرائیلی وزیر اعظم شمعون پیریز کی سلطان قابوس سے صلالہ میں ملاقات

اسرائیل اور عمان کے درمیان 1996 میں تجارتی معاہدے کے بعد یکم اپریل 1996 کو اس وقت کے اسرائیلی صدر شمعون پیریز نے سلطان قابوس سے صلالہ میں ملاقات کی۔امریکی خبر رساں ایجنسی نے اسرائیلی صدر کے عمان میں استقبال پر رپورٹنگ کرتے ہوئے بتایا کہ ائیرپورٹ پر آمد کے موقع پر اسرائیلی جھنڈے کو قومی ترانے سے شمعون کو خوش آمدید کہا گیا۔

دونوں ممالک کے رہنمائوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں جامع اور مستقل امن کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

2008: عمانی وزیر خارجہ کی اسرائیلی ہم منصب سے قطر میں ملاقات

عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی نے 14 اپریل 2008 کو قطر میں اسرائیل کے وزیر خارجہ زیپی لیونی کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی باقاعدہ ملاقات تھی۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ قطر میں بین الاقوامی فورم میں شرکت کرنے کے لئے موجود تھے۔

2018: اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا دورہ عمان

اکتوبر 2018 میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمان کا دورہ کیا اور سلطان قابوس سے ملاقات کی۔ نیتن یاہو کے مطابق ان کا یہ دورہ عمان ناقابل فراموش ہے۔

دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ " دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے عمل کو آگے بڑھانے اور دیگر دوطرفہ امور پر گفتگو کی۔"

اس دورے کے دو ماہ بعد نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ سلطان قابوس نے اسرائیل کی ایل آل ائیرلائن کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔

2020: عمان اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو

عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی نے اسرائیل کے وزیر خارجہ گبی اشکنازی کے ساتھ 16 اگست 2020 کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ یہ فون کال متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تاریخی امن معاہدے کے بعد کی گئی۔

عمان کے لئے سابق امریکی سفیر رچرڈ شمیرر نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ماننا ہے کہ عمان متحدہ عرب امارات کی جانب سے اٹھائے جانے والے قدم کی حمایت کرے گا اور اس معاملے میں امارات کی ہر ممکن مدد کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں