.

یو اے ای اوراسرائیل کے وزراء صحت کا کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں تعاون پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے وزرائے صحت نے سوموار کے روز کرونا وائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں تعاون کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ’’وزیر صحت عبدالرحمٰن بن محمد الاویس اور اسرائیلی وزیر یولی ایڈلسٹین نے فون پر طب کے شعبے بالخصوص دوا سازی کی صنعت اور میڈیکل میں تحقیق پر تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔‘‘

انھوں نے کووِڈ-19 کی وبا کے خلاف جنگ میں تعاون کے فریم ورک پر بات چیت کی ہے۔اس کے علاوہ اس مہلک وائرس کی ویکسین کی آزمائش اور علاج کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔

عبدالرحمٰن بن محمد الاویس نے وام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ اس وبا سے پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر طبی تحقیق کے شعبے میں مربوط کوششیں ہونی چاہییں۔‘‘

واضح رہے کہ جون میں اسرائیل اور امارات کی نجی کمپنیوں نے کووِڈ-19 کے علاج کے لیے باہمی تعاون واشتراک کا اعلان کیا تھا۔یو اے ای سے تعلق رکھنے والی دو کمپنیوں نے اسرائیل کی دو کمپنیوں سے اس مہلک وائرس کے علاج کے لیے تحقیق اور ٹیکنالوجی کی تیاری میں تعاون سے متعلق ایک سمجھوتے پر دست خط کیے تھے۔

ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے ڈیپ نالج گروپ نے حال ہی میں اپنی ایک رپورٹ میں یو اے ای اور اسرائیل کو مشرق اوسط میں کرونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں محفوظ ترین ممالک میں شمار کیا تھا۔ان دونوں ملکوں کو علاقائی تحفظ اور استحکام کے حامل بیس ممالک میں شامل کیا تھا اور اس لحاظ سے وہ پہلے زمرے میں شامل تھے۔