امریکی وزیرخارجہ کی بحرین کے ولی عہد سے علاقائی استحکام اور خلیج کے اتحاد پر بات چیت
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد آل خلیفہ سے منامہ میں بدھ کے روز ملاقات کی ہے اور ان سے علاقائی استحکام اور خلیج کے اتحاد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
مائیک پومپیو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی امن معاہدے کے اعلان کے بعد مشرقِ اوسط کا پہلا دورہ کررہے ہیں۔وہ منگل کی شام بحرینی دارالحکومت منامہ پہنچے تھے۔
انھوں نے اپنی آمد کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اہم نکتہ یہ ہے کہ امریکا کی ثالثی میں 13 اگست کو اعلان کردہ امن معاہدے سے پیدا ہونے والے موقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔
انھوں نے بحرینی ولی عہد سلمان بن حمد آل خلیفہ سے ملاقات کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ ہم نے علاقائی امن اور استحکام کی اہمیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔خلیج کے اتحاد کی اہمیت اور خطے میں ایران کے تخریبی اثر ورسوخ کا توڑ کرنے سے متعلق بات چیت کی ہے۔‘‘
Met today with Crown Prince of Bahrain, His Royal Highness Salman bin Hamad Al Khalifa. We discussed the importance of building regional peace and stability, including the importance of Gulf unity and countering Iran’s malign influence in the region.
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) August 26, 2020
انھوں نے بتایا کہ انھوں نے شاہِ بحرین حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے بھی ملاقات کی ہے۔انھوں نے اس سے پہلے مقبوضہ بیت المقدس اور سوڈان کا دورہ کیا تھا اور آج وہ یو اے ای جارہے ہیں۔
اسرائیل اور امریکا اب مزید عرب ممالک پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بھی یو اے ای کی راہ اختیار کریں اور صہیونی ریاست سے معمول کے تعلقات استوار کریں۔اسرائیل کے سراغرسانی کے وزیر نے بحرین کا ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بھی اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے کرسکتا ہے۔