مائیک پومپیو کی عُمانی سلطان سے ملاقات ،خطے میں امن کے فروغ اور جی سی سی کے اتحاد پر گفتگو
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مسقط میں عُمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے جمعرات کے روز ملاقات کی ہے اور ان سے خطۂ خلیج میں قیام امن میں عُمان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس دوطرفہ بات چیت میں خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ میں عُمان کا کردار موضوع گفتگو تھا۔
’’انھوں نے خطے میں خوش حالی کے لیے خلیج تعاون کونسل کے اتحاد کی اہمیت کے بارے میں بات چیت کی ہے اور امریکا اور عُمان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی شراکت داری میں اضافے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔‘‘
The Omani people are so warm and generous. I’m grateful for our strong partnership. Thanks to Omani Sultan Haitham bin Tarik Al Said for our steadfast friendship. pic.twitter.com/okcWchGRFp
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) August 27, 2020
عُمان میں آمد سے قبل مائیک پومپیونے بدھ کو یو اے ای کے دارالحکومت ابوظبی کا دورہ کیا تھا۔انھوں نے متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی تھی اور ان سے لیبیا میں جاری بحران اور ایران کی تخریبی سرگرمیوں کا توڑ کرنے کے بارے میں حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
مائیک پومپیو نے یو اے ای کے وزیر برائے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور قومی سلامتی کے مشیر طحنون بن زاید آل نہيان سے بات چیت کی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا تھا ’’انھوں نے لیبیا میں جاری بحران کے خاتمے اور وہاں پائیدار جنگ بندی ، خلیج کے اتحاد اور خطے میں ایران کے تخریبی اثرورسوخ سے نمٹنے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔‘‘
امریکی وزیر خارجہ نے یو اے ای کے عہدے داروں کو اسرائیل کے ساتھ معاہدۂ ابراہیم کے نام سے طے پانے والے تاریخی سمجھوتے پر مبارک باد بھی دی تھی اور اس کو ان کے ملک کی تاریخی کامیابی قرار دیا تھا۔امریکا کی ثالثی میں 13 اگست کو اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدے کے اعلان کے بعد مائیک پومپیو کا خطے کا یہ پہلا دورہ ہے۔