یو اے ای :جولائی کے بعد کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں اضافہ، 491 نئے مریضوں کی تشخیص
متحدہ عرب امارات نے جمعرات کے روز کرونا وائرس کے 491 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔یہ اوائل جولائی کے بعد کووِڈ-19 کے ایک دن میں سب سے زیادہ کیس ہیں۔
یو اےای میں حالیہ دنوں میں ایک مرتبہ پھر کووِڈ-19 کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ بدھ کو حکام نے 399 نئے کیسوں کی تصدیق کی تھی۔
یو اے ای کے محکمہ صحت نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ کووِڈ-19 کے 68043 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ان میں سے آج مذکورہ بالا 491 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ یوں اب تک ملک میں تصدیق شدہ کیسوں کی کل تعداد 68511 ہوگئی ہے۔
امارات کی وزارت صحت کے مطابق ان کل کیسوں میں سے بیشتر مریض تن درست ہوچکے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مزید 402 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔
حکام نے آج کووِڈ-19 کے کسی مریض کی وفات کی اطلاع نہیں دی ہے۔ یو اے ای میں اب تک اس مہلک وائرس سے 378 مریضوں نے وفات پائی ہے۔
یو اے ای میں کووِڈ-19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا دوبارہ ملک میں قومی تطہیر پروگرام کا نفاذ کیا جاسکتا ہے اور اس کے تحت کیا رات کو کرفیو بھی نافذ کیا جائے گا،اس حوالے سے یو اے ای کی ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان سیف الازہری نے ایک سوال جواب میں کہا کہ ’’ہاں، ایسا بعض علاقوں میں ممکن ہے۔جہاں زیادہ تعداد میں کرونا وائرس کے کیس رپورٹ ہورہے ہیں، وہاں دوبارہ قومی تطہیر پروگرام کا نفاذ کیا جاسکتا ہے۔‘‘
امارت دبئی میں حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ذاتی حفاظتی آلات ماسک ، دستانوں وغیرہ کی مانگ بھی ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے۔