.

میں خاتون صدر دیکھنا چاہتا ہوں مگر کمالہ ہیرس کو نہیں: ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں ایک خاتون صدر دیکھنے کے خواہاں ہیں مگر وہ یہ نہیں چاہتے کہ خاتون سینیٹر کمالہ ہیرس صدر ہوں۔ ٹرمپ نے استفسار کیا کہ ان میں کیا خاص بات ہے .. کیا وہ خوب صورت ہیں ؟ اس پر مجمع میں ہوٹنگ کی آوازیں بلند ہوئیں۔

ٹرمپ نے کمالہ ہیرس کے بارے میں یہ گفتگو جمعے کی شام اپنی انتخابی مہم کے دوران نیو ہیمپشائر میں مانچسٹر ایئرپورٹ پر کی۔

ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے لیے تمہیدی صدارتی انتخابات میں صرف 15% سپورٹ حاصل کرنے پر بھی کمالہ کا مذاق اڑایا۔ انہوں نے کمالہ کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دسمبر 2019ء میں تمہیدی انتخابات سے قبل ہی اس دوڑ کو چھوڑ دیا تھا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ صدر کے منصب پر کسی خاتون کی موجودگی کے حوالے سے فراخ دل ہیں مگر اس کے لیے امریکی عوام کی سپورٹ حاصل کرنا لازم ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ "آپ لوگ جانتے ہیں کہ میں ملک میں صدر کے منصب پر پہلی خاتون کو فائز ہوتا دیکھنا چاہتا ہوں لیکن میں یہ نہیں چاہتا کہ یہ منصب وہ خاتون سنبھالے جو اس کی اہلیت نہ رکھتی ہو"۔

امریکی صدر نے پہلی خاتون صدر کا ذکر کیا تو مجمع نے شور بلند کیا۔ اس پر ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ "یہ سب کہہ رہے ہیں کہ ہم ایوانکا کو (صدر دیکھنا) چاہتے ہیں.. میں ان کی ملامت نہیں کروں گا"۔