متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت اور اسرائیل کے وزیر زراعت نے خوراک اور پانی کی ضمانت کے منصوبوں میں تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں وزراء نے جمعہ کو ٹیلی فون پر دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی تھی لیکن امارات نے اتوار کو ایک سرکاری بیان میں اور خاتون وزیر نے خود ایک ٹویٹ میں اس فون کال کے بارے میں بیان جاری کیا ہے۔
یو اے ای کی وزیر مملکت برائے خوراک اور آبی ضمانت مریم بنت محمد المہیری اور اسرائیل کے وزیر زراعت ایلن شوستر نے خوراک اور آبی ضمانت کے منصوبوں میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
The Israeli Minister of Agriculture & Rural Development Alon Schuster and I held our first conversation to discuss opportunities the Peace Accord brings for both our countries in food and water security – issues of great concern for the UAE and Israel.
— Mariam bint Mohammed Almheiri (@mariammalmheiri) August 30, 2020
یواے ای اور اسرائیل کے درمیان 13 اگست کو تاریخی امن معاہدہ طے پایا تھا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود اس کا اعلان کیا تھا۔اس کے تحت دونوں ملک اب بتدریج دوطرفہ سفارتی ، سیاسی اور تجارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
اس ضمن میں اسرائیل سے پہلی تجارتی پرواز سوموار کی صبح متحدہ عرب امارات میں پہنچ رہی ہے۔اس پرواز میں امریکی ، اسرائیلی وفد سوار ہوگا۔اس کی قیادت امریکا کی جانب سے وائٹ ہاؤس کے مشیر جیرڈ کوشنر کررہے ہیں۔
کوشنر نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اب دوسری عرب ریاستون کے لیے بھی اسٹیج سیٹ ہے۔ وہ بھی یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کی پیروی کریں۔‘‘
لیکن انھوں نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے کہ مستقبل قریب میں کون سا اور عرب ملک اسرائیل کے ساتھ کوئی امن سمجھوتا طے کررہا ہے۔ البتہ حال ہی میں سوڈان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی روابط کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔