سعودی عرب میں ریاض پولیس نے ’ہنڈی‘ کا کاروبار کرنے والے غیر ملکی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس اہلکار گروہ کی غیرقانونی سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
الریاض پولیس کے معاون میڈیا کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک رقوم کی منتقل کرنے والے ایک گروہ کا پتا چلانے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ منی لانڈرنگ میں ملوث گروپ میں نو غیر ملکی ملوث ہیں۔ ان میں تین مصری، تین شامی، ایک ایک پاکستانی، یمنی اور ترک شہری شامل ہے۔ ملزمان کی عمریں تیس سے پچاس سال کے درمیان ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے" کے مطابق مالی کمیشن کے عوض بیرون ملک رقوم منتقلی میں ملوث پیشہ ور گروپ کے خلاف کارروائی کرکے اسے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ لوگ غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک رقوم منتقل کرنے میں ایک عرصے سے سرگرم تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ گروہ میں شامل افراد سعودی شہریوں کے نام سے رجسٹرڈ تجارتی اداروں کے بینک کھاتوں کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے رقوم بیرون مملکت بھجوا رہے تھے۔ سعودی شہری کھاتوں کے ذریعے ترسیل زر کی سہولت پر گروہ سے کمیشن وصول کررہے تھے۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی گروہ کے پاس سے دس لاکھ 36 ہزار 182 ریال برآمد ہوئے ہیں۔ الکریدیس کا کہنا ہے کہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں نے پوچھ گچھ کے دوران اقبال جرم کرلیا ہے۔ پوچھ گچھ کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔