سوڈان : طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب ، کم سے کم 100 افراد ہلاک، سیکڑوں بے گھر

حکومت نے تمام گورنریوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی،دریائے نیل میں طغیانی ،شہروں میں ابترحالات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سوڈان میں حالیہ ہفتوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے کم سے کم 100 افراد ہلاک اور سیکڑوں بے گھر ہوگئے ہیں۔حکومت نے ابترصورت حال کے پیش نظر تمام گورنریوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

سوڈان میں سیلاب کے بعد بہت سے علاقوں میں معمولات زندگی معطل ہو کررہ گئے ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ملک کی زرخیز زرعی زمین کے ایک بڑے رقبے پر کھڑی فصلیں اور پھل دار درخت تباہ ہوگئے ہیں۔

Advertisement

سوڈان کی ریاست شمالی کردوفان میں محکمہ شہری دفاع پولیس کے ڈائریکٹر نے سوموار کے روز سیلاب کے نتیجے میں گیارہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ گورنری میں 375 مکانات منہدم ہوگئے ہیں اور 16 سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

سوڈانی حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے چار ریاستیں شمالی کردوفان ، خرطوم ، القدریف اور سینار سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دریائے نیل میں طغیانی آ گئی تھی اور بعض مقامات میں پانی کی سطح گذشتہ ایک سو سال میں پہلی مرتبہ سب سے زیادہ بلند دیکھی گئی ہے۔

دریائے نیل میں بعض مقامات میں استحکام کے باوجود حکام کا کہنا ہے کہ وہ آیندہ دنوں میں پانی کی سطح ایک مرتبہ پھر بلند ہونے کے امکان کو نظرانداز نہیں کررہے ہیں۔بالخصوص دارالحکومت خرطوم اور دریائے نیل کے کنارے واقع دوسرے شہروں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں