امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر دستخط 15 ستمبر کو ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا میں دو عہدے داران نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر دستخط رواں ماہ کی 15 تاریخ کو وائٹ ہاؤس میں ہوں گے۔ غالبا اس موقع پر دونوں ملکوں کے اعلی سطح کے وفد موجود ہوں گے۔ وفود کی قیادت اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد آل نہیان کریں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 13 اگست کو امارات اور اسرائیل کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر اتفاق رائے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اگست کے اواخر میں دونوں ملکوں کے درمیان پہلی کمرشل پرواز ابوظبی پہنچی تھی۔

Advertisement

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ٹوئیٹر کے ذریعے تصدیق کی ہے کہ وہ امارات کے ساتھ مذکورہ معاہدے پر دستخط کے لیے آئندہ ہفتے واشنگٹن روانہ ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے پر وائٹ ہاؤس میں دستخط ہوں گے۔

اگست کے اواخر میں پہلا اسرائیلی امریکی وفد امارات کے دارالحکومت ابوظبی پہنچا تھا۔ اس موقع پر تمام فریقوں کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں زور دیا گیا تھا کہ امارات اور اسرائیل کے درمیان امن سمجھوتا ایک دلیرانہ قدم ہے۔

بیان میں باور کرایا گیا کہ امارات اور اسرائیل کے بیچ سمجھوتے نے فلسطینی اراضی کے انضمام کے منصوبوں پر عمل روک دیا ہے۔ یہ سمجھوتا مسائل کی درستی کے لیے نئی سوچ فراہم کرے گا۔

فریقین نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کی طرف واپس لوٹیں اور امن کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ معاہدہ نارمل تعلقات کے قیام کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔

وفد کے دورے کے موقع پر امارات اور اسرائیل کے درمیان سرمایہ کاری، خارجہ پالیسی اور شہری ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ ساتھ امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل کے حوالے سے مثبت تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

مشترکہ بیان میں اس کامیابی کے حوالے سے کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ دونوں ممالک نے بین الاقوامی سطح پر مثبت ردود عمل پر ممنونیت کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں