.

سعودی عرب :کووِڈ-19 کے 708 نئے کیسوں کی تشخیص، 1032 مریض صحت یاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 708 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار 24 مریض وفات پا گئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے ایک بیان کے مطابق کے مطابق مملکت میں اب کرونا وائرس کے تشخیص شدہ کل کیسوں کی تعداد 323720 ہوگئی ہے۔ان میں سے 4189 مریض وفات پا چکے ہیں۔

وزارت صحت نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19کے مزید 1032 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ اب تک 299998 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ساحلی شہر جدہ میں جمعرات کو سب سے زیادہ 61 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔الہفوف میں 53 ، مدینہ منورہ میں 48 اور دارالحکومت الریاض میں 38 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اسی ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ اب مملکت میں تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اوران کی تعداد گھٹ کر چھے فی صد رہ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں اس مہلک وائرس سے نوجوانوں کا گروپ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔انھوں نے معاشرے کے تمام ارکان پر زوردیا کہ وہ اس مہلک وَبا پر قابو پانے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔

انھوں نے کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کم سے کم 14 روز تک قرنطین میں رہیں تاکہ ان سے گھلنے ملنے کی وجہ سے دوسرے افراد کووِڈ-19 کا شکار نہ ہوں۔