.

یو اے ای : کووِڈ-19 کے کیسوں میں کمی،ایک دن میں تعداد 1009 سے گھٹ کر640 رہ گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں اتوار کو کووِڈ-19 کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ہفتے کے روز وزارت صحت نے 1009 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی تھی لیکن اتوار کو ان کی تعداد کم ہو کر 640 رہ گئی ہے۔

اماراتی حکام کی اطلاع کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 سے کسی مریض کی وفات نہیں ہوئی ہے اور اس مہلک وائرس کا شکار مزید 468 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

یو اے ای میں واقع مختلف مراکزِ تشخیص میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 84642 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے مذکورہ نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

اماراتی حکومت کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 79489 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے اور ان میں سے 69451 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اماراتی حکومت نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔اس نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگوں نے ملک میں نافذ کردہ قواعد وضوابط کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو ان کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا۔

ابوظبی میں حال ہی میں تین افراد کو شادی کی تقریب میں شرکت پر جرمانہ عاید کیا گیا ہے جبکہ دبئی پولیس نے ہفتے کے روز گھر میں الگ تھلگ رہنے سے متعلق ضابطے کی عدم پاسداری پر جرمانہ عاید کیا ہے۔اس شخص کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا مگر اس کے باوجود وہ خریداری کے لیے گھر سے باہر گیا تھا اور اس نے اپنی ویڈیو بھی بنائی تھی۔

یو اے ای میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کووِڈ-19 کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس عرصے میں تشخیص شدہ 88 فی صد کیس ان افراد کے ہیں جو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے پروٹول اور پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری میں ناکام رہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ ملک میں اس وقت کووِڈ-19 کی وَبا کی دوسری لہر چل رہی ہے۔قبل ازیں 19 ،20 اور21 مئی کو اس وَبا کے عروج کے دنوں میں سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے تھے۔

یو اے ای میں اگست کے آخر میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ شروع ہوا تھا۔31 اگست کو 500 سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی۔اس کے بعد صرف 7 ستمبر کو 470 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا تھا۔اس کے سوا باقی دنوں میں 500 سے زیادہ کیس ہی ریکارڈ کیے گئے ہیں یا کیے جارہے ہیں۔ ہفتے کے روز پہلی مرتبہ کووِڈ-19 کے ایک ہزار سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی اور مختلف علاقوں میں 1007 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا تھا۔