.

یو اے ای : کووِڈ-19 کی ویکسین کے استعمال کی ہنگامی منظوری کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات نے کووِڈ-19 کی ویکسین کے استعمال کی ہنگامی بنیاد پر منظوری دے دی ہے۔اس وقت ملک میں اس ویکسین کی تیسرے مرحلے میں جانچ کی جارہی ہے۔

یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سوموار کو ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ویکسین فی الوقت کووِڈ-19 کی وَبا کے خلاف جنگ میں ہمارے صفِ اوّل کے دفاعی ہیروز کے لیت دستیاب ہوگی کیونکہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران میں اس وائرس کا شکار ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔‘‘

یو اے ای کے وزیر صحت عبدالرحمان الاویس نے ایک نشری نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ’’یہ ویکسین مکمل طور پر قوانین اور قواعد وضوابط سے مطابقت کی حامل ہے۔‘‘

انھوں نے واضح کیا کہ ’’حکام کرونا وائرس کے خلاف محاذِ اوّل پر موجود ورکروں کو کسی بھی خطرے سے بچانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اپنے کام کی نوعیت کی وجہ سے اس وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں۔‘‘

وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ ’’یہ ویکسین مؤثر ہے،اس نے ’’بھرپور ردعمل‘‘ کا اظہارکیا ہے۔جن رضاکاروں پر اس کی آزمائش کی گئی ہے، ان میں اس نے مدافعتی نظام ( اینٹی باڈیز) کو پیدا کیا ہے۔‘‘

ان کے بہ قول ’’اس ویکسین کے نتائج کے جائزے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ یہ استعمال کے لیے محفوظ ہے۔‘‘

کووِڈ-19 کی ویکسین کی جانچ

پریس کانفرنس میں اماراتی حکومت کی ایک اعلیٰ عہدہ دار نے بتایا کہ یو اے ای میں مقیم 125 ممالک سے تعلق رکھنے والے 31 ہزار رضاکاروں پر اس ویکسین کی کلینیکی آزمائش کی گئی ہے۔

ڈاکٹر نوال الکعبی کا کہنا تھا کہ ’’اس جاری آزمائش کے ابتدائی نتائج ’’حوصلہ افزا‘‘ہیں اور رضاکاروں میں صرف معمولی ضمنی اثرات کی تشخیص ہوئی ہے مگر کسی قسم کے ایسے سنگین نوعیت کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے ہیں جن کی وجہ سے فوری طبی علاج کی ضرورت پیش آتی۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں