سعودی عرب میں فاصلاتی تدریس کروناوَبا کے بعد بھی جاری رہ سکتی ہے: وزیر تعلیم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے وزیرتعلیم حمد بن محمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا کے خاتمے کے بعد فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رکھا جاسکتا ہے اور طلبہ وطالبات کو آیندہ بھی ہفتے میں چند روز آن لائن کلاسیں لینا پڑیں گی۔

انھوں نے سوموار کے روز الاخباریہ ٹی وی سے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مستقبل میں بعض مضامین جماعتوں میں بالمشافہ کے بجائے آن لائن ہی پڑھائے جائیں گے۔

Advertisement

وزیر تعلیم نے کہا کہ ’’ اگر طلبہ اسکولوں میں واپس بھی آجاتے ہیں تو پھر تحفظِ صحت کے بعض تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا۔ ایک استاد ایک ہفتے میں صرف ایک دن اپنے طلبہ کو فاصلاتی تعلیم دے سکتا ہے تاکہ کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔‘‘

آل الشیخ کا کہنا تھا کہ فاصلاتی تدریس سے اسکول کے ان طلبہ کے لیے بھی حاضری آسان ہوجائے گی جنھیں دور دراز کا سفرطے کر اسکولوں میں آنا پڑتا ہے لیکن آن لائن کلاس کی صورت میں وہ اپنی حاضری کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

انھوں نے انٹرویو میں بتایا کہ نصاب کو مربوط ، منظم اور مؤثر انداز میں وضع کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو فاصلاتی تدریس اور کلاسوں میں پڑھائی کے دوران میں بہترین ممکنہ تعلیم مہیا ہوسکے۔

سعودی عرب میں موجودہ تعلیمی سال کا اگست کے آخر میں آغاز ہوا تھا اور ہزاروں طلبہ اور اساتذہ نے خود کو آن لائن پلیٹ فارم ’’مدرستی‘‘(میرا اسکول) پر رجسٹر (لاگ اپ) کیا تھا۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے اساتذہ ورچوئل کلاسیں لے سکتے ہیں۔طلبہ آن لائن تعلیمی ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور نصابی کتب تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

طلبہ ، اساتذہ اور والدین کے لیے 24 گھنٹے ایک ہاٹ لائن اور مصنوعی ذہانت چیٹ باٹ بھی بنایا گیا ہے تاکہ تدریسی عمل میں سہولت بہم پہنچائی جاسکے۔مملکت کے جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی تیز رفتارسہولت مہیا نہیں ، وہاں متعدد ٹی وی چینل طلبہ کے لیے تدریسی خدمات مہیا کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت بھر میں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 9 مارچ کو تمام اسکول ، جامعات اور دوسرے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے۔ تب سے طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریسی سرگرمیاں جاری ہے۔

اپریل میں وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا تھا کہ فاصلاتی تدریس بالآخر سعودی عرب کے لیے ایک تزویراتی انتخاب ہوسکتی ہے اور یہ کرونا وائرس کے بحران کا عرصہ گزرنے کے بعد صرف ایک متبادل نہیں رہے گی۔

سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے سعودی وزیر تعلیم خود ورچوئل اسکولوں اور فاصلاتی تدریس کے انتظام کی نگرانی کررہے ہیں۔انھوں نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ سعودی عرب میں کووِڈ-19 کی وبا کے تناظر میں نئے تعلیمی سال میں پہلے سات ہفتے تک طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے بعد ان کے اسکول کھولنے کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں