سعودی عرب میں حکام نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 90ویں قومی دن کے موقع پر روتانا کے کنسرٹس کے شرکاء کی تعداد میں کمی کردی ہے۔
روتانا میوزک نے اپنے سرکاری ٹویٹراکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’’صحت کی حفاظتی احتیاطی تدابیر کے جائزے اور سامعین کے تحفظ کے پیش نظر قومی دن کی تقریبات میں شرکاء کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم ہر کسی کے تحفظ کے خواہاں ہیں۔‘‘
روتانا میوزک ایک آڈیو اور ویژول ریکارڈنگ کمپنی ہے اور یہ موسیقی کی تقریبات کا بھی انعقاد کرتی ہے۔اس کے فن کاروں میں عمرو دیاب بھی شامل ہیں۔وہ بھی اس سال کی تقریبات کے دوران میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
اس کے اعلان کے مطابق ٹکٹ خرید کرنے والوں کو ان کی رقم واپس کی جائے گی۔
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے گذشتہ ہفتے یہ اعلان کیا تھا کہ قومی دن کے موقع پر ستمبر بھر میں کنسرٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔