.

سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن کے موقع پر الریاض میں موٹر سائیکل سواروں کی پریڈ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن کے موقع پر دارالحکومت الریاض میں کم سے کم 30 شہریوں اور تارکین وطن نے موٹر بائیکس پر اکٹھے شہر کا چکر لگایا ہے اور منفرد انداز سے مادروطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔

بائیکروں کے اس اچھوتے انداز میں قومی دن منانے کا اہتمام دا ہاکس الریاض ایم سی نے کیا تھا۔اس پریڈ میں مرد و خواتین دونوں موٹر سائیکل سوار شامل تھے۔

الریاض کی مکین سعودی شہری فاطمہ نے ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا ہے کہ ’’مملکت میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر ہرسال قومی دن گذشتہ سال کے مقابلے میں مختلف ہوتا ہے۔ ہم نئی نسل کے لوگ اس تبدیلی کو محسوس کررہے ہیں ،اس لیے ہم قومی دن کو اس نئے انداز میں منا رہے ہیں۔‘‘

ہاکس موٹر بائیکس کے سعودی رکن راکن کا کہنا تھا کہ گروپ نے اپنے ملک سے محبت کے اظہار کے لیے موٹر سائیکل پر شہر کا چکر لگانے کا انتخاب کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج ہم مادروطن سے اپنی محبت کے اظہار میں قومی دن کو اپنے انداز میں منا رہے ہیں اور الریاض شہر میں ان تمام مقامات کی طرف جا رہے ہیں جنھیں سعودی عرب کے قومی پرچم سے سجایا گیا ہے۔‘‘

سعودی عرب بھر میں آج قومی دن کی تقریبات منائی جارہی ہیں اور اس موقع پر مختلف رنگارنگ پروگرام اور کنسرٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔فضائی شو ، آتش بازی اور فیشن شوز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

ان تمام تقریبات کے دوران میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں اور سماجی فاصلے کے ضابطے کی پاسداری کی جارہی ہے۔