.

سعودی یوم الوطنی پر گوگل سرچ انجن کا اظہار مسرت

معروف انٹرنیٹ کمپنی کا ڈوڈل کلمہ طیبہ سے مزین مملکت کے سبز پرچم سے سجا دیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے قومی دن ’’یوم الوطنی‘‘ کے موقع پر معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل مملکت کے کلمہ طیبہ سے مزین سبز پرچم سے سجا کر مملکت کی خوشیوں میں بھر پور شرکت کی ہے۔

ملک کے طول وعرض اور دنیا بھر میں مقیم سعودی شہری مملکت کا 90 واں یوم الوطنی شان و شوکت اور جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ گوگل سرچ انجن نے قومی دن کی مناسبت سے ڈوڈل پر سعودی عرب کا جھنڈا لہرا دیا ہے۔

گوگل کے ڈوڈل پر سعودی پرچم پر کلک کرنے سے سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے معلومات سامنے آ جاتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل کے طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ عالمی شہرت یافتہ گوگل سرچ انجن پر سعودی عرب کے یوم الوطنی کے حوالے سے قومی پرچم لہراتا ہوا دیکھ کر خوش گوار حیرت ہوئی اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ گوگل بھی مملکت کی خوشیوں میں بھرپور طریقے سے شامل ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس بھی گوگل نے اپنے ڈوڈل پر سعودی پرچم لہراتے ہوئے قومی دن کی خوشیوں میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔2018 میں گوگل نے ڈوڈل پر سعودی عرب کا پہلا ڈاک ٹکٹ لگایا گیا تھا۔

اس سے قبل2017 میں گوگل نے ڈوڈل کو سعودی قومی لباس ثوب اور عبایا دکھا کر سعودی عرب کے ثقافتی ملبوسات کو اجاگر کیا تھا۔
دبئی میں دنیا کی بلند عمارت برج خلیفہ بھی روایتی طور پر سعودی عرب کے سبز پرچم کے رنگوں میں رنگ جاتا ہے۔