.

شاہ سلمان کی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پراپنے عوام کو مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن کے موقع پر اپنے شہریوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’انھیں عظیم ملک اور اس کے وفادار شہریوں پر فخر ہے۔‘‘

سعودی شاہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ہم ملک میں قومی سلامتی ، استحکام اور ہم آہنگی پر اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں۔ملکی استحکام اور قومی یگانگت میں سعودی عوام اور ان کے آبا واجداد کا بہت کردار ہے۔‘‘انھوں نے لکھا ہے کہ وہ اس سے بھی زیادہ خوب صورت مستقبل کے منتظر ہیں۔

سعودی عرب نے بدھ کو اپنا قومی دن منایا ہے۔اس موقع پر سعودی طیاروں نے فضائی کرتبوں کا مظاہرہ کیا تھا،مملکت بھر میں رنگا رنگ آتش بازی کی گئی تھی اور دوسرے مختلف تقاریب اور پروگراموں کا انعقاد کیا گیا تھا۔

شاہ سلمان نے گذشتہ روز ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پہلی مرتبہ (ورچوئل) خطاب کیا تھا۔انھوں نے واضح کیا تھاکہ ’’سعودی عرب اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کی خاطرکوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گا اور وہ یمن میں اپنے برادرعوام کو ایران کی چیرہ دستیوں سے مکمل خود مختاری اور آزادی دلانے تک تنہا نہیں چھوڑے گا۔‘‘

انھوں نے ایران سے درپیش مسائل کے جامع حل اور اس کی آلہ کار لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی ضرورت پر زوردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ہی لبنان کو درپیش تمام مسائل کی ذمے دار ہے۔

انھوں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکا کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’مشرقِ اوسط تنازع کا منصفانہ حل تلاش کیا جانا چاہیے جس کے نتیجے میں فلسطینی عوام کی اپنی آزاد ریاست قائم ہو اور جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔‘‘