.

سعودی عرب: سبزی منڈی کو فن پارے کی شکل دینے کا منصوبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثراء) نے "سبزی منڈی" پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت مشرقی صوبے الشرقیہ میں نمایاں مقامات پر مذکورہ مرکز کے فنی اور تخلیقی ویژن کو منتقل کیا جائے گا۔

اس سرگرمی کا مقصد پرانے مقامی علاقوں کو فنی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے جس سے وہ تخلیقی اسلوب کے ساتھ لوگوں کے لیے پُر کشش نظر آئیں۔

اس پروگرام نے الخبر شہر کی مرکزی سبزی منڈی کو دیدہ زیب صورت بخش دی ہے۔ اس کو ایسے مقام میں تبدیل کیا جا رہا ہے کہ فن کار اور پھل اور سبزی فروش یہاں کا رخ کریں۔ اس طرح لوگوں کو جدت و تخلیق پر ابھارا جا سکے گا اور مقامی فن کاروں کی سپورٹ کے علاوہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی عمل میں آئے گی۔

پروگرام کے ذریعے الخبر کی مرکزی سبزی منڈی کی صورت بہتر بنائی گئی ہے۔ اس میں فنی اسلوب اپناتے ہوئے رنگ و روغن کیا گیا ہے۔ یہاں عوام کے بیٹھنے کی جگہ بنائی گئی ہے اور فن و موسیقی کے لیے جگہائیں مختص کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں فن کاروں کا زون، کھانے پینے کی گاڑیاں اور دیگر مظاہروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ اس جگہ کا رقبہ 100×65 میٹر ہے۔ اسے تین مرکزی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر کے ڈائریکٹر حسین حنبظاظہ کے مطابق سبزی منڈی کو نئی صورت دینے سے اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا اور مقامی کاشت کاروں کے لیے اس اہم منڈی کو نئی زندگی ملے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے لوگوں کو فن اور تخلیق کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم میسر ہو گا۔ یہاں لوگ سعودی فن سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور اسے سپورٹ کریں گے۔ عوام کا ایک نئے ماحول میں روایات، ثقافت اور سماج کے ساتھ رابطہ ہو گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں