.

متحدہ عرب امارات چاند پر نئی دریافتوں کے لیے اپناخلائی مشن بھیجے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات نے 2024ء میں چاند پر نئی تحقیقات پر اپنا نیا خلائی مشن بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے منگل کے روز بتایا ہے کہ ’’اس خلائی مشن کا نام ’’راشد‘‘ ہوگا۔بغیر پائیلٹ خلائی جہاز یو اے ای ہی میں تیار کیا جائے گا اور ملک کے انجنیئر ہی یہ کام کریں گے۔‘‘

انھوں نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ ہم نے امارات کا قمری مشن شروع کیا ہے۔ اس کا خلائی جہاز 100 فی صد اماراتی ساختہ ہوگا اور یہ مشن 2024ء میں چاند کی ان جگہوں پر پہنچے گا جہاں پہلے کوئی خلائی مشن نہیں گیا ہے۔‘‘

شیخ محمد کے بہ قول یو اے ای چاند پر خلائی جہاز بھیجنے والا چوتھا اور عرب دنیا کا پہلا ملک ہوگا۔

یو اے ای نے جولائی میں اپنا پہلا خلائی مشن مریخ پر بھیجا تھا اور وہ یہ مشن بھیجنے والا خطے کا پہلا ملک تھا۔

’’تحقیق امید‘‘ کے نام سے اس مشن نے جاپان کے ٹینے گاشیما خلائی مرکز سے اڑان بھری تھی اور یہ خلا میں قریباً پچاس کروڑ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گا۔