خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مرحوم کویتی امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجدنبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں غائبانہ نمازجنازہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مرحوم شیخ صباح الاحمد کی الحرمین الشریفین میں غائبانہ نماز جنازہ آج (بدھ کو) نمازعشاء کے بعد ادا کی جارہی ہے۔ وہ گذشتہ روزامریکا میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی میّت سہ پہر شاہی طیارے کے ذریعے امریکا سے کویت لائی گئی ہے۔
امریکا سے مرحوم امیرشیخ صباح کی میت لے کر آنے والا شاہی طیارہ کویت کے بین الاقوامی اڈے پر اترا تو وہاں اس کو وصول کرنے کے لیے نئے امیر کویت شیخ نواف الاحمد اور دوسرے اعلیٰ عہدے دار موجود تھے۔
شاهد.. أداء صلاة الغائب على الشيخ #صباح_الأحمد في الحرم المكي، إثر توجيه #الملك_سلمان بإقامتها في الحرمين. pic.twitter.com/lwK2jPpQe6
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) September 30, 2020
مرحوم شیخ صباح کی میت کویت کے قومی پرچم میں لپٹی ہوئی تھی۔اس کو ہوائی اڈے سے گاڑیوں کے ایک قافلے کی صورت میں جامع مسجد بلال بن رباح رضی اللہ تعالیٰ عنہ لے جایا گیا۔وہاں ان کے خاندان کے افراد اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے نماز جنازہ ادا کی ہے۔ اس کے علاوہ کویت بھر میں مساجد میں ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ہے۔
پھر ان کی میت کو تدفین کے لیے الصليبيخات قبرستان لے جایا گیا۔آج قبرستان میں صرف شاہی خاندان کے افراد اور شیخ صباح کے قریبی رشتے داروں کو جانے کی اجازت تھی۔عام افراد جمعرات سے ان کی قبر پر دعا کے لیے جاسکیں گے۔