’’میں خیریت سے ہوں‘‘: ہسپتال سے امریکی صدر کا پہلا ٹویٹ

’’میں اچھی حالت میں ہوں ۔۔۔ سب کا شکریہ ۔۔۔ پیار کے ساتھ‘‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد علاج کی غرض سے جمعہ کی شام ہیلی کاپٹر کے ذریعے واشنگٹن کے نواح میں واقع والڑ ریڈ نیشل ملٹری سینٹر آمد کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختصر پیغام کے ذریعے ’’دنیا کو اپنی صحت کے بارے میں اطلاع دی۔‘‘

اپنی ٹویٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’میں اچھے حال میں ہوں ۔۔۔ سب کا شکریہ ۔۔۔ پیار کے ساتھ‘‘

Advertisement

ہسپتال آمد کے بعد صدر ٹرمپ کو مرکزی کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیلی میکنینی نے بتایا کہ ’’ان کے ڈاکٹر اور طبی ماہرین کے مشوروں کی روشنی میں انہیں احتیاطی پروسیجر میں رکھا گیا ہے۔ آنے والے چند دنوں میں صدر ٹرمپ والٹر ریڈ سینٹر میں قائم صدارتی دفتر سے کام کریں گے۔‘‘

وائٹ ہاؤس سے روانگی کے وقت صدر ٹرمپ اپنے لیے منتظر صحافیوں کے سامنے سے گذرے، تاہم انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب نہیں دیا۔ وہ ’’میرین ون‘‘ نامی صدر کے لیے مخصوص ہیلی کاپٹر پر سوار ہو گئے جس کے بعد ہیلی کاپٹر انہیں لے کر والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر روانہ ہو گیا۔

روانگی سے قبل ٹویٹر پر اپنے مختصر ویڈیو پیغام میں صدر ٹرمپ یہ کہتے دکھائی دیے: ’’بہت زیادہ حمایت پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں والڑ ریڈ ہسپتال جا رہا ہوں۔ میں سمجھتا کہ میری حالت اچھی ہے۔ تاہم ہم معاملات کو معمول کے مطابق چلانے کی کوشش کریں گے۔ خاتون اول بھی اچھی حالت میں ہیں۔‘‘ ان کا اشارہ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی جانب تھا جنہیں حال ہی میں کرونا وائرس کا مرض لاحق ہوا ہے۔

صدر کا ریکارڈ شدہ پیغام ان کی والڑ ریڈ ہسپتال روانگی کے فورا بعد نشر ہوا، جہاں وہ چند روز قیام کریں گے۔

اس سے قبل امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چیف آف سٹاف نے بتایا تھا کہ صدر میں کرونا کی ’معتدل علامات‘ ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کے چیف آف سٹاف مارک میڈوس نے کہا کہ صدر کے حوصلے بلند ہیں۔

’امریکی عوام یقین رکھیں کہ ہمارے صدر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ دیتے رہیں گے۔ میں پرامید ہوں کہ صدر ٹرمپ جلد صحت یاب ہوں گے۔
دوسری جانب تین نومبر کے الیکشن میں ٹرمپ کے حریف اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
جمعرات کی شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق ایک ٹویٹ میں صدر نے کہا: ’ہم اپنے قرنطینہ اور صحت یاب ہونے کے عمل کو فوری شروع کر رہے ہیں۔ ہم ایک ساتھ اس سے نمٹ لیں گے۔‘

74 سالہ صدر ٹرمپ کو اس وائرس سے زیادہ خطرہ ہے کیونکہ ان کی عمر زیادہ ہے اور ان کا وزن بھی زیادہ سمجھا جاتا ہے۔ صدارت کے دوران ان کی صحت اچھی رہی ہے تاہم وہ صحت مند غذا نہیں لیتے اور نہ ہی ورزش کرتے ہیں۔

صدر اور ان کی اہلیہ کے نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب صدر کی قریبی مشیر ہوپ ہکس میں جمعرات کو کرونا کی تشخیص ہوئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں